اعلیٰ سطحی مذاکرات میں سائنسی تعاون کی بحالی، ڈیٹیکٹر ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال، پاکستانی محققین کی عالمی سائنسی منصوبوں میں دوبارہ شرکت کی راہ ہموار کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (الفجر آن لائن) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی) اور یورپی ادارہ برائے جوہری تحقیق (سرن) کے درمیان یونیورسٹی کی سرن کے سائنسی پروگراموں میں فعال شمولیت کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں بالخصوص ایلس (ALICE) تجربے، ڈیٹیکٹر ٹیکنالوجی، جدید سائنسی آلات کی تیاری اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے تجزیے سے متعلق تحقیق کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات دونوں اداروں کے دیرینہ سائنسی روابط کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔ ماضی میں کامسیٹس یونیورسٹی کے محققین اور تکنیکی ماہرین نے سرن میں تجرباتی تحقیق کے لیے درکار آلات اور بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سرن کے وفد میں ایسوسی ایٹ رکن ممالک کے امور کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوف شیفر، سی ایم ایس (CMS) تجربے کی ترجمان پروفیسر ڈاکٹر انادی کنیپا اور ایلس تجربے کے ترجمان ڈاکٹر کائی اولیور شویڈا شامل تھے۔ وفد نے ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر، یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی بھی موجود تھے، جنہوں نے کامسیٹس یونیورسٹی میں ایلس تجربے سے متعلق تحقیقی کام کی بنیاد رکھی تھی۔
پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے ایلس تجربے سے اپنی سابقہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کامسیٹس یونیورسٹی نے اس تجربے کے اندرونی ٹریکنگ سسٹم (Inner Tracking System) کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس منصوبے میں سلیکون پکسل ڈیٹیکٹرز کی ڈیزائننگ، الیکٹرانکس، آلات کی جانچ اور ڈیٹیکٹرز کی اسمبلنگ شامل تھی۔ انہوں نے مالی مشکلات اور خصوصی سائنسی آلات کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کا بھی ذکر کیا، جن کے باعث تحقیقی تعاون کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا، تاہم انہوں نے ایلس تجربے میں یونیورسٹی کی دوبارہ شمولیت کی کوششوں کی حمایت کی۔
ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے سرن کے ساتھ سائنسی تعاون کی بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی مشکلات کو مستقبل کے سائنسی تعاون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے ایسے قابلِ عمل لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا جس کے ذریعے یونیورسٹی کے انتظامی اور مالی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اساتذہ اور محققین کو سرن کی تحقیقی سرگرمیوں میں دوبارہ شرکت کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
اس موقع پر شعبہ فزکس کی ڈاکٹر عظمیٰ تبسم نے یونیورسٹی کی موجودہ تحقیقی اور تکنیکی استعداد کے حوالے سے بریفنگ دی اور سرن کے مختلف تجرباتی پروگراموں میں کامسیٹس یونیورسٹی کے ممکنہ کردار کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر کائی اولیور شویڈا نے کامسیٹس یونیورسٹی کی سابقہ تکنیکی خدمات کو سراہتے ہوئے سلیکون ڈیٹیکٹرز کی تیاری، ہارڈویئر اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ڈیٹا کے تجزیے اور خصوصی تکنیکی تربیت کے شعبوں میں دوبارہ تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایلس کے مستقبل کے منصوبوں، بالخصوص ایلس تھری (ALICE 3) میں تحقیق کے نئے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرن میں مختلف سائنسی شعبوں کے باہمی تعاون کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جہاں ذرّاتی طبیعیات کے علاوہ الیکٹریکل انجینئرنگ، مٹیریلز سائنس اور کمپیوٹر سائنس کے ماہرین بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر کامسیٹس یونیورسٹی اور سرن کے درمیان سائنسی روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے سابقہ تجربے اور موجودہ تحقیقی استعداد سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سائنسی تحقیق، تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ اور پاکستانی محققین و ماہرین کی عالمی سطح کے سائنسی منصوبوں میں شمولیت کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

