متنی کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی، اسلحہ، دستی بم اور قومی شناختی کارڈز برآمد
پشاور (الفجر آن لائن) پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گرد سرکاری تنصیبات پر حملوں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی کے علاقے میں موجود ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے مشترکہ کارروائی کی اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کارروائی شروع کی۔
حکام کے مطابق فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ، پانچ میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی عزم اور حوصلے کی عکاس ہیں، جبکہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

