نوجوانوں کے لیے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے جامع پلان پر وزیراعلیٰ کا اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اظہارِ تشکر، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کا عزم
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے نوجوانوں کے لیے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے جامع منصوبے پر صدر مملکت، وزیراعظم اور اعلیٰ عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کو برابری کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت کے خصوصی طور پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عسکری قیادت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے سب سے پہلے آواز اٹھائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے تمام باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر مستقبل کی تعمیر کرسکیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے نوجوانوں نے بھی روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ملازمتوں کی فراہمی سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

