عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، صوبائی وزیر زراعت
کوئٹہ (الفجر آن لائن) صوبائی وزیر زراعت اور خادمِ سریاب حاجی میر علی مدد جتک سے ان کی رہائش گاہ جتک ہاؤس کوئٹہ میں علاقائی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے ملاقات کی اور انہیں دوبارہ وزارت کی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی عمائدین اور عوام نے اپنے اپنے علاقوں کے بنیادی مسائل، عوامی ضروریات اور ترقیاتی امور سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا، جبکہ مختلف مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
حاجی میر علی مدد جتک نے عوامی مسائل کو توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ عوامی مشکلات کے ازالے اور علاقے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مبارکباد دینے اور اپنی محبت و اعتماد کا اظہار کرنے پر علاقائی عمائدین اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت، اعتماد اور دعائیں ان کے لیے سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ دوبارہ وزارت کی ذمہ داری ملنا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، جسے وہ عوامی خدمت کے جذبے سے نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی محور ہے اور عوام کے مسائل کا حل ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پہلے کی طرح عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کا سفر نئے جذبے، عزم اور لگن کے ساتھ جاری رہے گا۔ بجلی، گیس، پانی، صحت، تعلیم اور روزگار سمیت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے مزید مؤثر بنائے جائیں گے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ عوامی نمائندگی کا اصل مقصد عوام کی آواز بننا اور ان کے جائز مسائل کو متعلقہ فورمز پر اٹھانا ہے۔ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے اور اپنے حلقے سمیت بلوچستان کے عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر علاقائی عمائدین اور عوام نے صوبائی وزیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے دوران عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

