پاکستان اور خطے کے استحکام کے لیے افغانستان کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط، سکیورٹی تعاون اور جامع پالیسی فریم ورک ناگزیر قرار
اسلام آباد (الفجر آن لائن) سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (CASS) نے افغانستان کے بدلتے سیاسی، سکیورٹی اور معاشی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع اور پائیدار حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ادارے کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو ’’افغانستان، ایک دہائی بعد: استحکام، تقسیم یا تزویراتی تبدیلی؟ پاکستان اور خطے کے لیے اثرات‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی مکالمے کا انعقاد کیا گیا، جس میں افغانستان کے مستقبل کے ممکنہ منظرناموں اور پاکستان سمیت خطے پر ان کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
مکالمے کی صدارت اور میزبانی ڈائریکٹر CASS ایئر وائس مارشل (ر) خاور حسین نے کی۔ انہوں نے اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں واپسی کے بعد پاکستان کی توقعات اور دونوں ممالک کے تعلقات میں آنے والی تنزلی کے درمیان فرق پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے پاکستان کو درپیش مسلسل سکیورٹی خدشات، بالخصوص تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خطرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے متعلق سفارتی، سکیورٹی اور علاقائی پالیسی اقدامات کو وسیع تر تزویراتی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
کلیدی مقرر ڈاکٹر آمنہ خان، ڈائریکٹر سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (CAMEA)، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) نے افغانستان کی داخلی سیاسی و سکیورٹی صورتحال اور علاقائی تعلقات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کی موجودہ حکومت نے بعض معاملات میں عملی سوچ کا مظاہرہ کیا ہے اور داخلی حکمرانی، عوامی خدمات، زرعی اصلاحات اور معاشی اقدامات کو ترجیح دی ہے، تاہم انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے نمایاں خامیاں بدستور موجود ہیں۔
ڈاکٹر آمنہ خان نے پاکستان کی افغانستان پالیسی میں موجود بعض خلا کی نشاندہی کرتے ہوئے سکیورٹی اور اقتصادی تعاون سمیت باہمی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع دوطرفہ فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ دوحہ معاہدے کو محض دوطرفہ انتظام کے بجائے ایک بین الاقوامی سطح پر پابند معاہدے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، خصوصاً افغانستان کی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گرد گروہوں کے استعمال سے روکنے کے طالبان کے وعدے کے تناظر میں۔
انہوں نے ایران اور بھارت کے افغانستان کے ساتھ روابط کی مثال دیتے ہوئے مسلسل سفارتی engagement کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ ممالک کو مختلف سیاسی نظام رکھنے والے ہمسایوں کے ساتھ coexistence اور روابط برقرار رکھنے کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ صرف طاقت کے استعمال سے دیرپا حل ممکن نہیں۔
اختتامی خطاب میں صدر CASS ایئر مارشل (ر) جاوید احمد نے افغانستان کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پالیسی سازی میں افغانستان کے بدلتے سیاسی اور سکیورٹی حالات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے ان اہم علاقائی اور عالمی سکیورٹی مسائل پر علمی و فکری مکالمے کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ CASS قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے سکیورٹی چیلنجز پر آزادانہ، معتبر اور بامعنی بحث کے لیے اپنا پلیٹ فارم فراہم کرتا رہے گا۔

