آٹھ ممالک کے 24 کھلاڑی چیمپئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کے 8 جبکہ 16 بین الاقوامی کھلاڑی میدان میں ہیں، مقابلے 28 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس میں جاری رہیں گے
اسلام آباد (الفجر آن لائن) چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 آج 24 نومبر سے اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں شروع ہوگئی ہے، جو 28 نومبر تک جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ میں آٹھ ممالک کے 24 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں پاکستان کے آٹھ کھلاڑی جبکہ 16 بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق بین الاقوامی کھلاڑیوں کا تعلق مصر، ملائیشیا، فرانس، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، بیلجیئم اور ہانگ کانگ، چین سے ہے۔ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کی شرکت سے چیمپئن شپ میں عالمی سطح کے دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے پاکستان میں اسکواش کے فروغ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے طویل عرصے سے اہم کردار ادا کیا ہے۔ حال ہی میں مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے مردوں کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جو ان کوششوں کا اہم نتیجہ ہے۔
بیان کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی سرپرستی میں نئے ٹیلنٹ کی نشاندہی، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد عالمی اسکواش میں پاکستان کے تاریخی مقام کی بحالی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیمپئن شپ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، نامور اسکواش لیجنڈز اور کھیلوں کی دنیا کی ممتاز شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026 پاکستان میں اسکواش کے احیا کے لیے پاک فضائیہ کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ یہ ایونٹ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی حریفوں کے خلاف کھیلنے اور قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا، جبکہ مستقبل کے چیمپئنز کی تیاری اور عالمی اسکواش میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

