مصنوعی ذہانت پر مبنی کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ سسٹم، پیپر لیس امتحانات اور دور دراز علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے کی منظوری، نتائج سمیت تمام مراحل 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے پی سی ایس امتحان میں امیدواروں کی شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اصلاحات کے تحت مقابلے کے امتحانات میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرانے، روایتی ہاتھ سے لکھے جانے والے پرچوں کی جگہ کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام رائج کرنے اور امتحانی عمل کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان فیصلوں کا اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں امتحانی طریقہ کار کو شفاف، مؤثر، تیز رفتار اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ دور دراز علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیوٹمز اور دیگر جامعات ہفتہ وار تعطیلات کے دوران مقابلے کے امتحانات کے انعقاد کے لیے کمیشن کو امتحانی ہال بلا معاوضہ فراہم کریں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، محنت کرکے امتحان کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کو قواعد کے ذریعے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے، اسی لیے پی سی ایس امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایس کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران صوبائی انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے سول سروس میں اہل، باصلاحیت اور جدت پسند افراد کی شمولیت کے لیے انتخابی عمل کو مؤثر بنانا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ امتحانات کو ٹوفل (TOEFL) اور جی آر ای (GRE) کے جدید معیار کی طرز پر منعقد کرنے کے امکانات کو عملی شکل دی جائے، امتحانی نظام پیپر لیس اور کمپیوٹرائزڈ بنایا جائے تاکہ امتحانات کے انعقاد، جانچ پڑتال اور نتائج کی تیاری میں شفافیت اور رفتار یقینی ہوسکے۔ انہوں نے پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محنتی نوجوانوں کو امتحانی نتائج کے لیے مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت نتائج فراہم کیے جائیں تاکہ اہل امیدوار جلد صوبائی انتظامی ڈھانچے کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر امتحانی مراکز قائم ہونے سے دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو سفر اور دیگر مشکلات سے نجات ملے گی اور انہیں اپنے علاقوں میں مسابقت کے یکساں مواقع میسر ہوں گے۔ صوبائی حکومت امتحانی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے میرٹ کی بالادستی، شفاف سلیکشن اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر اہل امیدوار کو اپنی قابلیت اور محنت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا مساوی موقع فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) کیلاش ناتھ کوہلی نے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سال سے زیر التواء ہزاروں کیسز چند ماہ میں نمٹا دیے گئے ہیں اور اب کمیشن میں کوئی کیس زیر التواء نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے زیر التواء کیسز نمٹانے پر کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اصلاحات کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ریٹائرڈ) کیلاش ناتھ کوہلی، کمیشن کے اراکین عبدالصبور کاکڑ اور غلام علی بلوچ، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، وزیر اعلیٰ کے معاون شاہد رند، اسپیشل سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی حبیب الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون خان شریک تھے۔

