7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالر جبکہ پائیداری و مزاحمت سہولت کے تحت 210 ملین ڈالر کی ادائیگی متوقع، منظوری کے بعد مجموعی معاونت 5.7 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اگلے ماہ تقریباً 1.21 ارب ڈالر کی مالی معاونت ملنے کا امکان ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 11 دسمبر کو پاکستان کے لیے ممکنہ ادائیگیوں پر غور کرے گا۔ مجوزہ رقم میں 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام (ای ایف ایف) کے تحت تقریباً 1 ارب ڈالر جبکہ 1.4 ارب ڈالر کے پائیداری و مزاحمت سہولت پروگرام (آر ایس ایف) کے تحت 210 ملین ڈالر شامل ہیں۔ یہ ادائیگیاں بالترتیب چوتھے اور تیسرے جائزے کی تکمیل کے بعد ممکن ہوں گی۔ منظوری کی صورت میں دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو ملنے والی مجموعی رقم تقریباً 5.7 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا جبکہ دونوں پروگرام ستمبر 2027 تک مکمل ہونے ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق پروگرام پر عمل درآمد مجموعی طور پر طے شدہ اہداف کے مطابق جاری ہے، تاہم جغرافیائی سیاسی کشیدگی، توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، عالمی مالیاتی حالات کی سختی اور بین الاقوامی تجارت میں رکاوٹیں پاکستان کی معیشت کے لیے خطرات بن سکتی ہیں۔ فنڈ نے مالی سال 2026 کے لیے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ جاری کھاتے کو تقریباً متوازن اور ستمبر کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر 21.5 ارب ڈالر کے قریب بتائے ہیں۔ آئی ایم ایف نے مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے مالی سال 2027 کے بجٹ میں مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے 2 فیصد کے برابر بنیادی مالی سرپلس کا ہدف مقرر کرنے کی نشاندہی بھی کی ہے۔

