مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 11 ہزار 500 روپے سستا، چاندی کی قیمت میں بھی 224 روپے کمی، عالمی مارکیٹ میں سونا 115 ڈالر فی اونس نیچے آگیا
کراچی (الفجر آن لائن) بین الاقوامی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 11 ہزار 500 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے ہوگئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 115 ڈالر سستا ہوکر 3 ہزار 514 ڈالر کی سطح پر آگیا۔ مقامی صرافہ مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9 ہزار 860 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، فی تولہ چاندی 224 روپے سستی ہوکر 4 ہزار 463 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 192 روپے گھٹ کر 3 ہزار 826 روپے ہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 13 ڈالر مہنگا ہوکر 3 ہزار 629 ڈالر جبکہ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3 لاکھ 85 ہزار 436 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

