استعمال شدہ طبی سامان تلف کرنے کے بجائے فروخت اور ری سائیکلنگ کا انکشاف، لاہور سے 5 ہزار کلوگرام مواد برآمد، تلفی کا ٹھیکہ مبینہ طور پر جعلی طریقے سے دیا گیا
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سیل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق جوائنٹ ڈائریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق ملزمان استعمال شدہ طبی سامان کو تلف کرنے کے بجائے فروخت کرتے تھے، جس میں پلاسٹک پر مشتمل سرنجیں، ماسک اور طبی نلکیاں شامل تھیں۔ مبینہ طور پر یہ مواد ری سائیکل کرکے کراکری اور پانی کی بوتلوں سمیت مختلف اشیاء کی تیاری میں استعمال کیا جاتا تھا۔ مقدمے میں استعمال شدہ طبی سامان کی غیرقانونی ری سائیکلنگ کو ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافے کا ایک بڑا سبب بھی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ایف آئی اے نے لاہور سے 5 ہزار کلوگرام مواد برآمد کرلیا ہے جبکہ طبی فضلے کو تلف کرنے کا کنٹریکٹ مبینہ طور پر جعلی طریقے سے نور اینڈ زمان کمپنی کو دیا گیا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

