اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا اجرا میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط ہوگا، میر سرفراز بگٹی کی افضل بٹ کی سربراہی میں صحافی وفد سے ملاقات
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں صحافیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندے بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران کوئٹہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے بیوروز کی بندش، صحافیوں کو درپیش مسائل اور جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات اور مختلف چیلنجز کے باوجود پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کی خدمات قابل قدر ہیں جبکہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوامی مسائل کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور جرنلسٹس کالونی کے قیام کے حوالے سے عملی پیش رفت جاری ہے، صحافیوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا اجرا میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا، کیونکہ میڈیا ورکرز کے معاشی حقوق کا تحفظ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مشکلات کے ازالے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

