ڈائنامک سروے صرف بی آئی ایس پی دفاتر میں قائم رجسٹریشن مراکز پر ہوگا، دو سال سے پہلے دوبارہ سروے ممکن نہیں، غیر قانونی کٹوتی یا رقم روکنے کی صورت میں فوری شکایت درج کرانے کی ہدایت
اسلام آباد (الفجر آن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کو آگاہ کیا ہے کہ پروگرام میں سروے اور رجسٹریشن بالکل مفت ہے، اس کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جاتی جبکہ ڈائنامک سروے صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر میں قائم ڈائنامک رجسٹریشن سینٹرز (ڈی آر سی) پر ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ سروے مکمل ہونے کے بعد دو سال سے قبل دوبارہ سروے نہیں کروایا جاسکتا۔ انہوں نے یہ بات بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ لائیو ای۔کچہری کے دوران کہی، جس میں ملک بھر سے 25 شہریوں نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ چیئرپرسن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر مستحق خواتین کو ادائیگیوں کی محفوظ اور شفاف ترسیل کے لیے جدید ڈیجیٹل والٹ اور انٹرآپریبلٹی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت خواتین اب ملک کے کسی بھی شہر میں چھ پارٹنر بینکوں کے مجاز ریٹیلرز سے اپنی رقم کسی بھی وقت وصول کرسکتی ہیں۔ ان بینکوں میں ایچ بی ایل، حبیب مائیکروفنانس، بینک الفلاح، ٹیلی نار مائیکروفنانس، بینک آف پنجاب اور موبی لنک/جاز بینک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رقم وصول کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہے جبکہ ادائیگی ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہونے اور رقم نکلوانے پر متعلقہ بینک کی جانب سے بینظیر سم پر تصدیقی پیغامات موصول ہوں گے۔
خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دونوں پیغامات محفوظ رکھیں اور رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی ریٹیلر یا دوسرے شخص کے حوالے نہ کریں۔ چیئرپرسن نے واضح کیا کہ اگر کسی خاتون کو پوری رقم ادا نہ کی جائے یا غیر قانونی کٹوتی کی جائے تو وہ فوری طور پر قریبی بی آئی ایس پی دفتر میں شکایت درج کروائیں، ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو مستحق خواتین کی رقم روکنے کی دھمکی دینے یا پروگرام میں شمولیت کے نام پر ناجائز مطالبات کرنے کا اختیار نہیں، حتیٰ کہ بطور چیئرپرسن انہیں بھی کسی فرد کو ذاتی طور پر پروگرام میں شامل کرنے یا کسی کی ادائیگی روکنے کا اختیار حاصل نہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ناانصافی یا غیر قانونی کٹوتی کے خلاف بلاخوف آواز بلند کریں۔

