ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی تعلیمی، تحقیقی اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ میں معاون ہوگی، دیگر اہل طلبہ میں لیپ ٹاپ ضلعی شیڈول کے مطابق تقسیم کیے جائیں گے
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے 2 ہزار 349 طلبہ کی تصدیق مکمل کرلی گئی ہے جبکہ راولپنڈی ڈومیسائل کے حامل 128 منتخب طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کردیے گئے۔ اس سلسلے میں ورچوئل یونیورسٹی کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ راولپنڈی کے 128 طلبہ کا انتخاب وزیراعلیٰ پنجاب کی پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ خصوصی تقریب کے موقع پر کیا گیا تھا، جس کے بعد ورچوئل یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ طلبہ کے حوالے کیے گئے۔
اس موقع پر ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ڈیجیٹل سہولیات طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری، تحقیق کے نئے مواقع سے استفادے اور جدید ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں، جو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور باصلاحیت طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ ورچوئل یونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جغرافیائی اور سماجی و معاشی رکاوٹوں سے بالاتر ہو کر معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی ممکن بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یونیورسٹی پاکستان اور بیرون ملک سے 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد طلبہ کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسکیم کے تحت اہل طلبہ کی تصدیق اور انتخاب حکومت پنجاب کے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی مقررہ معیار کے مطابق کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر اہل طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم متعلقہ اضلاع میں جاری کردہ شیڈول اور ہدایات کے مطابق ہوگی۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ نے حکومت پنجاب اور ورچوئل یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے ان کی تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں نمایاں مدد ملے گی۔

