اسلام آباد (الفجرآن لائن) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں 75فیصد تک کا اضافہ ہوگیا۔پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر کے دوران ملک بھر میں گاڑیوں کی فروخت 19سے 75فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ پاما کے مطابق رواں مالی سال سالانہ بنیادوں پر 25فیصد اضافے کے بعد 20ہزار 68کاریں فروخت ہوئیں جن کا حجم گزشتہ برس 16ہزار 21یونٹس تھاجبکہ جیپوں اور پک اپس کی فروخت 51فیصد بڑھ کر 7ہزار 517یونٹس تک پہنچ گئی ہے ،گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے دوران یہ تعداد 4ہزار 961یونٹس رہی تھی۔پاما کے مطابق ستمبر 2024ء میں کاروں کی فروخت ماہانہ بنیادوں پر بڑھ کر 7ہزار 794یونٹس تک پہنچ گئی ہے ، یہ حجم اگست 2024میں 6 ہزار 417رہا تھا جبکہ پک اپ، جیپ، وین اور ایس یو ویز کی فروخت بڑھ کر2ہزار 503ریکارڈ کی گئی، یہ حجم اگست 2024ء میں 2ہزار 282رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹرکوں کی فروخت 75فیصد بڑھ کر 772یونٹس جبکہ بسوں کی فروخت 60فیصد اضافے کے بعد 926یونٹس ہوگئی ہے ،گزشتہ برس کی اسی مدت کے دوران یہ حجم بالترتیب 442یونٹس اور 528یونٹس رہا تھا،اسی طرح موٹرسائیکلوں اور رکشوں کی فروخت جولائی تا ستمبر کے دوران 19فیصد بڑھ کر 3لاکھ 20ہزار 187یونٹس ریکارڈ کی گئی ہے۔پاما کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سیلز ٹیکس میں اضافے کے باعث ٹریکٹر کی فروخت 57فیصد تنزلی کے بعد 5ہزار 206 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔