وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منگل کو یہاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال، سینیٹ کے کردار اور دیگر اہم قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی بالادستی اور وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ سینیٹ آف پاکستان ایک باوقار آئینی فورم ہے جو ملک کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرتا ہے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ ایوانِ بالا جمہوری تسلسل کے استحکام اور وفاق کی مضبوطی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے معرکۂ حق میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح فورسز کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور پوری قوم کی بے مثال یکجہتی کا نتیجہ ہے قوم نے مشکل حالات میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی قومی ترجیحات میں سرفہرست ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی موثر اور متحرک پارلیمانی نمائندگی قومی یکجہتی کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے اور وفاق کی مضبوطی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے انہوں نے کہ ایوانِ بالا صوبے کے حقوق کے تحفظ اور ان کی مؤثر نمائندگی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا ملاقات میں سینیٹر آغا شاہ زیب خان درانی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء آغا شکیل درانی بھی موجود تھے۔