وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی مراعات سے متعلق نوٹیفکیشن سابق دور حکومت میں جاری کیا گیا تھا جبکہ اس حوالے سے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی اسی وقت کی حکومت نے دائر کی تھی۔
موجودہ صوبائی حکومت اس نوٹیفکیشن سے اصولی طور پر اتفاق نہیں رکھتی انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور پوری صوبائی حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ عوامی وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے اور اسے صرف عوامی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیا جانا چاہیے شاہد رند نے کہا کہ وفاقی سول سروسز میں مراعات کا ایک طے شدہ مالی چارٹ موجود ہے جبکہ بلوچستان میں بھی سرکاری عہدوں کے لیے باقاعدہ مراعاتی شیڈول نافذ ہے۔
موجودہ صوبائی حکومت کسی بھی ایسی اضافی مراعات کی حامی نہیں ہے جس سے سرکاری خزانے پر غیر ضروری بوجھ پڑے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ تو اس نوٹیفکیشن کا دفاع کیا ہے اور نہ ہی کسی مرحلے پر اس کے حق میں اپیل دائر کی ہے حکومت کا مؤقف واضح اور اصولی ہے کہ سرکاری وسائل کا استعمال صرف عوامی مفاد اور ترقیاتی ترجیحات کے مطابق ہونا چاہیے۔