کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشددکارروائیوں کا نشانہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بننے لگے
راولاکوٹ(الفجر آن لائن) راولاکوٹ میں ایک پولیس اہلکار پر مبینہ حملے کے بعد سیکیورٹی صورتحال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔اطلاعات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی جاوید مسیح اپنی والدہ کی علالت کے باعث رخصت پر گھر جا رہے تھے کہ انہیں راولاکوٹ کے علاقے رائے چوک کے قریب نامعلوم افراد نے روک کر تشدد کا نشانہ بنایا۔دعوے کے مطابق حملے میں اے ایس آئی جاوید مسیح کی ٹانگ شدید زخمی ہوئی اور فریکچر ہوگئی۔
زخمی اہلکار کا کہنا ہے کہ انہیں متعدد افراد نے گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں ایک مخصوص بیان دینے پر بھی دباؤ ڈالا گیا۔اطلاعات کے مطابق اے ایس آئی جاوید مسیح اس وقت راولاکوٹ کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔واقعے کے حوالے سے مختلف حلقوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ مذکورہ واقعے سے متعلق مختلف دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق اور متعلقہ حکام کی باضابطہ تحقیقات کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس لیے واقعے کے تمام پہلوؤں کے تعین کے لیے سرکاری تحقیقات کو اہمیت حاصل ہے۔
