اسلام آباد(الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکومتی کفایت شعاری اقدامات میں 30 جون تک توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔فیصلے کے مطابق سرکاری گاڑیوں میں ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کے اقدامات بھی 30 جون تک برقرار رہیں گے،
سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی اور 60 فیصد گاڑیاں گراؤنڈ رکھنے کا فیصلہ برقرار
60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے احکامات میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری افسران اور حکام کے غیر ملکی دوروں پر عائد پابندی بھی 30 جون تک جاری رہے گی۔ یہ اقدامات سرکاری اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری پالیسی کے تسلسل کے لیے کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق کفایت شعاری اقدامات کی توسیع خصوصی کمیٹی کی سفارش پر منظور کی گئی، جس کا مقصد حکومتی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ بھی مالی نظم و ضبط اور کفایت شعاری کے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ مالی دباؤ میں کمی اور وسائل کی بہتر تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔
