اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 2026-27 پر بحث مکمل کر لی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بجٹ پر سات روز تک جاری رہنے والی بحث میں مجموعی طور پر 232 اراکین نے حصہ لیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو بتایا کہ بجٹ بحث میں حکومتی اتحاد کے 151 جبکہ اپوزیشن کے 81 اراکین نے شرکت کی۔ مجموعی طور پر اراکین نے 53 گھنٹے 31 منٹ تک بجٹ پر اظہارِ خیال کیا، جس میں حکومتی اراکین نے 34 گھنٹے 33 منٹ اور اپوزیشن اراکین نے 18 گھنٹے 58 منٹ تک بحث کی۔
پارلیمانی جماعتوں کی شرکت کی تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 77، پاکستان پیپلز پارٹی کے 49 اور متحدہ قومی موومنٹ کے 20 اراکین نے بجٹ بحث میں حصہ لیا۔
دوسری جانب اپوزیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے 67، سنی اتحاد کونسل کے ایک اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 10 اراکین نے بحث میں شرکت کی۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کو طے شدہ وقت سے 8 گھنٹے 18 منٹ زائد وقت دیا گیا، تاکہ تمام اراکین کو اپنے مؤقف کے اظہار کا مکمل موقع فراہم کیا جا سکے
