امان خان اور شمشیر خان کے کاغذاتِ نامزدگی جمع، احتجاجی سیاست سے پارلیمانی سیاست کی جانب پیش قدمی پر سوالات
مظفرآباد/سدھنوتی ( الفجرآن لائن) آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ دو اہم رہنماؤں کی جانب سے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے فیصلے نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما امان خان اور شمشیر خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کی نشستوں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی ان کے نمائندوں کے ذریعے متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرائے گئے۔ امان خان نے ضلع سدھنوتی کے حلقہ ایل اے 23 جبکہ شمشیر خان نے حلقہ ایل اے 24 سے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت اس لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی ماضی میں مختلف عوامی اور احتجاجی تحریکوں کے حوالے سے سرگرم رہی ہے۔ ایسے میں اس کے رہنماؤں کا براہِ راست انتخابی سیاست میں قدم رکھنا ایک نئی حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں رہنماؤں کے حوالے سے قانونی اور انتظامی نوعیت کے بعض سوالات بھی زیر بحث ہیں، تاہم ان معاملات پر متعلقہ حکام یا امیدواروں کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق احتجاجی سیاست سے وابستہ قیادت کا انتخابی میدان میں آنا عوامی حمایت کو پارلیمانی نمائندگی میں تبدیل کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے، جبکہ ناقدین اس اقدام کو ماضی کے بیانیے اور موجودہ سیاسی حکمتِ عملی کے تناظر میں زیر بحث لا رہے ہیں
