شہزادہ ہیری کی برطانیہ میں 1.1 ملین پاؤنڈ کی عطیہ رقم ان کی ذاتی دولت سے نہیں بلکہ شہزادی ڈیانا سے منسلک فنڈز سے فراہم کی گئی تھی۔
لندن (الفجرآن لائن) برطانوی شہزادہ ہیری کی گزشتہ سال برطانیہ میں کی گئی ایک بڑی عطیہ رقم کے حوالے سے نئے دعوے سامنے آئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم ان کی ذاتی دولت سے نہیں بلکہ شہزادی ڈیانا سے منسلک فنڈز سے فراہم کی گئی تھی۔رپورٹس کے مطابق ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے 2025 میں ناٹنگھم کے دورے کے دوران بی بی سی چلڈرن اِن نیڈ کو 1.1 ملین پاؤنڈ کا عطیہ دیا تھا۔اس وقت قریبی ذرائع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یہ عطیہ شہزادہ ہیری کی ذاتی دولت سے دیا گیا ہے، نہ کہ ان کی آرچ ویل تنظیم کے ذریعے۔
تاہم ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ رقم درحقیقت گلین بیگ فاؤنڈیشن سے آئی تھی، جو مرحوم شہزادی ڈیانا کے خیراتی فنڈز سے وابستہ ایک ادارہ ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ رقم نہ تو شہزادہ ہیری کی تجارتی شراکت داریوں سے حاصل ہوئی اور نہ ہی ان کی یادداشت پر مبنی کتاب اسپئیر سے ہونے والی آمدنی سے دی گئی، بلکہ یہ فنڈز شہزادی ڈیانا کی فلاحی سرگرمیوں سے جمع ہونے والی رقم کا حصہ تھے۔گلین بیگ فاؤنڈیشن 1999 میں شہزادی ڈیانا کی وفات کے 2 سال بعد قائم کی گئی تھی۔ اس کے لیے فنڈز پرنسز آف ویلز چیریٹیز ٹرسٹ سے حاصل کیے گئے تھے، جسے شہزادی ڈیانا نے 1981 میں اس وقت قائم کیا تھا جب ان کی شادی اس وقت کے شہزادہ چارلس سے ہوئی تھی۔
