اسلام آباد( الفجرآن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ پاک افغان سرحد پر سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کامیاب زمینی کارروائی اور "آپریشن غضب للحک” کے تحت فضائی حملے کر کے مجموعی طور پر 29 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق یہ کارروائیاں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے سخت ردعمل میں کی گئی ہیں، جس کے دوران 28 جون 2026 کو ضلع باجوڑ میں ایک انتہائی مہارت سے کیے گئے زمینی آپریشن میں بھارتی پراکسی نیٹ ورک ‘جماعت الاحرار’ کا ہائی ویلیو خوارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل اپنے 3 ساتھیوں سمیت مارا گیا جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسی مہم کے تسلسل میں 28 اور 29 جون کی درمیانی رات پکتیا، پکتیکا اور کنڑ کے سرحدی علاقوں میں ‘جماعت الاحرار’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے تین اہم مراکز کو درست نشانے کے ساتھ تباہ کیا گیا جس سے مزید 25 دہشت گرد ہلاک اور وہاں موجود اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ تباہ ہو گیا۔
عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن شہریوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ ویژن "عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔
