کوئٹہ( الفجرآن لائن ) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ()، کوئٹہ کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیاء الحق کاکڑ نے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر () سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ نتائج کی تقریب میں بورڈ کے اعلیٰ حکام بشمول سیکرٹری ضیاء الرحمٰن خلجی اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن انجینئر عارفہ علی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء الحق کاکڑ نے امتحانی عمل کی شفافیت اور بروقت رزلٹ کی تیاری پر آئی ٹی اور امتحانی عملے کی کارکردگی کو خوب سراہا۔
صوبے میں تکنیکی تعلیم کے حوالے سے جاری کردہ ان امتحانی اعداد و شمار کے مطابق امتحانات میں کل 2,316 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 1,371 طلبہ و طالبات کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ اس سال امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 59.19 فیصد رہا، جو صوبے میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بڑھتے ہوئے معیار اور طلبہ کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اس سال کے نتائج کی سب سے منفرد اور خوش آئند بات یہ رہی کہ ٹاپ تھری جنرل پوزیشنز پر گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ فار گرلز، کوئٹہ کی طالبات نے مکمل قبضہ جما کر صوبے کا نام روشن کیا۔ کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طالبہ نوفیہ فیصل نے 3200 میں سے 2830 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فیشن ڈیزائننگ کی طالبہ گل ازکاء رائے نے 2752 نمبروں کے ساتھ دوسری، جبکہ کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی ہی کی بی بی مناہل نے 2789 نمبر لے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ کنٹرولر امتحانات اور دیگر معزز افسران نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی

