واشنگٹن(الفجرآن لائن)فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے دوران ہونے والے ناخوش گوار واقعات پر ارجنٹائن کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے فائنل میں ہسپانوی کھلاڑیوں سے جھگڑا کرنے جب کہ ارجنٹائن کی فٹ بال فیڈریشن کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم کی جانب سے گراونڈ میں فاک لینڈ جزائر کے بارے میں سیاسی بینر دکھانے اور متعدد مبینہ خلاف ورزیوں پر تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ارجنٹائن کی جانب سے کی گئی دیگر مبینہ خلاف ورزیوں میں شائقین کی جانب سے گراونڈ میں لگائے گئے امتیازی نعرے۔
دیر سے کک آف، سیکیورٹی پروٹوکول کی ناکامی اور ورلڈ کپ کے دوران کئی میچز میں شائقین کی طرف سے اشیا پھینکنا شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے لینڈرو پریڈس کو ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین سے شکست کے بعد ہسپانوی کھلاڑیوں سے جھگڑنے پر 3 تادیبی مقدمات، ناہوئل مولینا کو 2 تادیبی مقدمات اور اسسٹنٹ کوچ رابرٹو آیالا کو ایک تادیبی مقدمے کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تھیاگو الماڈا کو بھی نامناسب رویے پر تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق فیفا نے تمام فریقین کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا ہے، فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی تمام فریقین کا موقف سامنے آنے کے بعد مقررہ وقت پر اپنا فیصلہ جاری کرے گی

