اسلام آباد(الفجرآن لائن)محکمہ موسمیات نے یکم سے 4 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اورفلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے ممکنہ سیلابی صورتحال پر تازہ الرٹ جاری کر دیاہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی خان کے پہاڑی نالوں، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، کشمیر اور دریاؤں ستلج، راوی، چناب اور جہلم کے بالائی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح بھارت سے آنے والے گہرے کم دباؤ کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔سندھ کے وسطی اور مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد، بدین، جامشورو، میرپورخاص، تھرپارکر سمیت متعدد اضلاع میں اربن فلڈنگ اور پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ اربن فلڈنگ، فلیش فلڈ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں طویل عرصے تک پانی کھڑا رہنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

