لاہور(الفجر آن لائن)لاہور اور فیصل آباد میں مکانات کی چھتیں گرنے کے الگ الگ واقعات میں 5بچوں سمیت 11افراد جاں بحق اور ماں اور کمسن بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔
بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق سکھ نہر کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں حادثے کا شکار ہونے والے گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی۔
جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ شاہدہ، 22سالہ احد علی، 12سالہ حسنین، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل، 23 سالہ مجاہد، 7 سالہ نیلم اور 8 سالہ حماد شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی جاری ہے۔
ابھی مزید دو سے تین افراد ملبے دبے ہوئے ہیں، عمارت کی دیواریں بہت خستہ ہیں، کوشش ہے ملبے تلے پھنسے باقی افراد کو بحفاظت نکال لیا جائے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔اس آپریشن میں ریسکیو کی 6 ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ 20 ریسکیورز موقع پر موجود ہیں ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے باغبانپورہ میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی گئی۔دوسری جانب فیصل آباد کے علاقے تلیانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق جبکہ ماں اور کمسن بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق بچوں میں 5 سالہ سبحان اور 6 ماہ کا رضوان شامل ہے، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، امدادی ٹیموں نے جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں 6 سالہ احمد اور اسکی والدہ رضوانہ شامل ہے، زخمیوں کو بھی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

