کی
گورنر جعفرخان کے اعزاز میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا ۔۔۔۔ ملاقات میں علاقائی پیش رفت، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر مندوخیل نے برطانوی حکومت اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری میں تعلیمی معیار، تحقیقی تعاون اور مہارت کی ترقی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے سوشو اکنامک ترقی کیلئے گورنر بلوچستان کے وژن کو سراہا، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی میں پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط کرنے کیلئے برطانیہ کی دلچسپی ظاہر کی
کراچی(الفجرآن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کے اعزاز میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مس ایلیسن بلیک برن کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان اور ڈپٹی ہائی کمشنر نے ریجنل پیش رفت، بلوچستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر مندوخیل نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقعوں سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ قیمتی معدنیات، قدرتی وسائل، ماہی گیری، زراعت، لائیو سٹاک اور ملنسار لوگوں کی سرزمین ہے نئے ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سولر انرجی میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ صوبہ کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے گورنر مندوخیل نے برطانوی حکومت اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری میں تعلیمی معیار، تحقیقی تعاون اور مہارت کی ترقی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ محترمہ بلیک برن نے سوشو اکنامک ترقی کیلئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کی بصیرت کو سراہا اور تعاون و سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی میں، پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط کرنے کیلئے برطانیہ کی خواہش کی تصدیق کی۔ ملاقات کا اختتام باہمی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور عوام سے عوام کے روابط کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔

