فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی مشترکہ کارروائی پسپا، 3 حملہ آور ہلاک، فائرنگ کا تبادلہ جاری
راولپنڈی (الفجرآن لائن) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے زرغون گھر میں ”فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان“ سے وابستہ دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی دو چوکیوں کو بیک وقت نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی، تاہم چوکیدار و جری ایف سی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کوئٹہ کے حساس علاقے زرغون غر میں ایف سی کی دو چوکیوں پر بزدلانہ حملہ کیا۔چوکیوں پر پہلے سے مستعد اور چوکس ایف سی کے دستوں نے ابتدائی اطلاعات ملتے ہی حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ایف سی کے بہادر جوانوں نے انتہائی پامردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف حملہ آور دہشت گردوں کو کامیابی سے پیچھے دھکیل دیا بلکہ فوری جوابی کارروائی کے دوران 3 حملہ آور دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا۔رپورٹس کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور چھپے ہوئے دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کمک طلب کر لی ہے تاکہ تمام دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا سکے

