راولپنڈی (الفجرآن لائن) راولپنڈی میں پیر کے روز ہونے والی موسلادھار بارش سے راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے برساتی نالے بپھر جانے سے پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ۔
جبکہ گرجا روڈ ملک کالونی کے قریب 6 سالہ بچہ برساتی نالے میں بہہ گیا اطلاعات کے مطابق گرجا روڈ ملک کالونی کے قریب نالے میں 6 سالہ حسین احسن برساتی نالے میں ڈوب گیااطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم،
ایمبولینس اور موٹر بائیک ریسکیو سروس موقع پر پہنچ گئی واٹر ریسکیو اہلکاروں نے نالے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ادھر پیر کے روز راولپنڈی شہر میں ہونے والی موسلادھار دھار بارش کے باعث ڈھوک کھبہ کی مرکزی شاہراہ پانی میں ڈوب گئی۔
چکلالہ، کچہری اور لیاقت باغ میں 50 ملی میٹر بارش کے باعث ڈھوک کھبہ اور گردونواح میں بڑا برساتی نالہ بپھر جانے کے باعث بارش کا پانی آبادی میں داخل ہوگیا اس موقع پر 2 سے 3 فٹ پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کا کروڑوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہوگیا
جبکہ ڈھوک کھبہ کی مرکزی سڑک پر 2 سے 3 فٹ پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور ایمبولینس سمیت متعدد گاڑیاں پانی
میں پھنس گئیں شہری اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں کرتے رہے متاثرہ شہریوں اور تاجروں کے مطابق طویل عرصہ سے علاقے کے چھوٹے بڑے نالوں اور نالیوں کی صفائی نہیں کی گئی نہ ہی خالی پلاٹوں میں
موجود کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا یہی وجہ ہے کہ سیوریج اور نکاسی کا جو نظام پہلے ہی مکمل جام تھا گزشتہ روز کی بارش سے اس میں طغیانی آگئی شہریوں نے الزام لگایا۔
کہ ستھرا پنجاب پروگرام صرف بیان بازیوں اور اشتہارات تک محدود ہے جبکہ عملی طور حکمران جماعت کے سابق بلدیاتی نمائندوں نے اسے یرغمال بنا رکھا ہے شہریوں کے مطابق جمعہ کے روز ہونے والی موسلادھار بارش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں 2 سے 3 فٹ پانی نہ صرف سڑکوں اور چوراہوں پر جمع ہوگیا تھا۔
بلکہ گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہوگیا تھا لیکن میونسپل کارپوریشن، آر ڈبلیو ایم سی اور واسا کی طرف سے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔
ادھر ایم ڈی واسا کے مطابق واسا کی ٹیموں نے متاثرہ علاقے میں پہنچ کر نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا ہے اور واٹرنگ پمپ اور ہیوی مشینری پانی کی نکاسی بحال کی گئی۔

