ممبئی (الفجرآن لائن)معروف بھارتی اداکارہ، ماڈل اور ڈیجیٹل انفلوئنسر راکھی ساونت پاکستانی مداحوں کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔راکھی ساونت اپنی بے باک اور متنازع شخصیت کے باعث جانی جاتی ہیں، اداکارہ سوشل میڈیا پر اپنی کھلی گفتگو اور مختلف موضوعات پر دوٹوک خیالات کے اظہار کے باعث بھی خبروں میں رہتی ہیں۔راکھی ساونت نے حال ہی میں اسلام سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے اور وہ اکثر مسلمانوں، خصوصاً پاکستانیوں سے اپنی محبت کا ذکر کرتی نظر آتی ہیں۔حال ہی میں راکھی ساونت نے بی بی سی کو انٹرویو دیا، جس میں وہ پاکستانی مداحوں کے ساتھ اپنے تعلق اور ان کی جانب سے ملنے والی محبت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں۔پاکستانی مداحوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ پاکستانی مجھے بہت زیادہ محبت دیتے ہیں، جب بھی میرے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو پاکستانی سب سے پہلے میری مدد کے لیے پہنچتے ہیں۔راکھی ساونت نے بتایا کہ بعض اوقات مجھے بخار بھی ہوتا ہے اور بھارت سے کوئی مدد کے لیے نہیں آتا، لیکن پاکستانی مداح مجھے اسپتال لے جانے اور دیکھ بھال کرنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے والدین نہیں ہوتے، وہ دوسروں کی مدد اور محبت کے سہارے زندگی گزارتے ہیں اور پاکستانی مداح بھی مشکل وقت میں میرا خیال رکھتے ہیں۔راکھی ساونت نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کو دشمن سمجھتے ہیں، تاہم جو حقیقت ہے وہ حقیقت ہے اور پاکستانی مجھے بہت محبت دیتے ہیں۔اداکارہ کے بیان کے بعد پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔کئی صارفین نے راکھی ساونت کے لیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ سیاسی اختلافات کی وجہ سے انہیں ایک دوسرے کے مخالف سمجھا جاتا ہے۔

