کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدر عبدالرحیم آغا کی قیادت میں تاجر برادری کے وفد نے اہم مذاکرات کیے۔ اس موقع پر معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی اور ڈی سی کوئٹہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ مذاکرات کے دوران تاجر برادری نے قومی شاہراہوں پر ٹرکوں اور بوزروں کو جلائے جانے کے واقعات اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے تاجروں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام جائز تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرے گی اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان کی سرزمین بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور چند عناصر دشمن ملک کے ایماء پر بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ صوبے میں معصوم نوجوانوں اور خواتین کو نشانہ بنانا ہماری روایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے اور ہڑتال کے باوجود مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تاجر برادری کے مسائل کو حتمی شکل دینے کے لیے فریقین کل ایک بار پھر بیٹھ کر بات چیت کریں گے

