اگست7 کو پورے ملک میں سڑکوں پراحتجاج ہوگا،اسی دن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،حافظ نعیم الرحمن کا ہزاروں خواتین سے خطاب ملک چلانے کے لیے جو جیتا ہے اسے جیتنے دیا جائے، اپنے لاڈلوں کو فارم 47 کے ذریعے قوم پر مسلط نہ کیا جائے،امیر جماعت اسلامی پاکستان
کراچی (الفجرآن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف اور پیٹرول قیمتیں کم کرنے کے لیے جماعت اسلامی حلقہ خوتین کے تحت پیر کے روز شاہراہ قائدین پر کراچی کی خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مارچ میں شریک ہزاروں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ قائدین پر تاحد نگاہ شریک ہونے والی خواتین نے 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کی ہے۔پورے ملک کے عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرکے پیٹرول سستا کرے، آئی پی پیز مافیا سے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں۔ اگر تمام آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ کیا جائے تو آصف علی زرداری اور نواز شریف سمیت حکمران ٹولہ بے نقاب ہو جائے گا۔ مارچ میں شریک خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ فارم 47 کو ہٹانے کا وقت آگیا ہے۔ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس، آئی پی پیز مافیا، گندم مافیا سمیت دیگر مافیا کے خلاف 7 اگست کو پورے پاکستان میں سڑکوں پر زبردست احتجاج ہوگا۔ 7 اگست کو سڑکوں پر ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ کراچی سے چترال تک اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا صرف ایمبولینس کو راستہ دیا جائے گا۔ ریاست فوج کا نام نہیں عوام کا نام ہے۔ یہ ریاست ہماری ریاست ہے جو عوام نے بنائی تھی کسی اور نے نہیں۔ قائد اعظم کی سربراہی میں آزادی کی تحریک پورے برصغیر میں چلی تھی۔ نام نہاد سیاستدانوں اور اسٹبلشمنٹ کی چاپلوسی کرنے والوں کے اتحاد نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ ایک مخصوص طبقے نے 78 سال تک ہم پر حکمرانی کی ہے۔ 35
سال براہ راست مارشل لاء کے ذریعے ہم پر حکومت کی گئی۔محسن نقوی کی زبانی نااہل حکمرانوں نے پاکستان نہ چلاسکنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملک چلانے کے لیے ہمارا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ جو جیتا ہے اسے جیتنے دیا جائے، اپنے لاڈلوں کو فارم 47 کے ذریعے قوم پر مسلط نہ کیا جائے۔ جن لوگوں نے یہ گند پھیلایا ہے اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ گند صاف کریں۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سکریٹری ڈاکٹر حمیرا طارق کی زیر قیادت مارچ کا آغاز کیا گیا۔احتجاجی مارچ سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جنرل سکریٹری ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سکریٹری ثمینہ سعید، صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب، کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے ادا کیے۔

