کوئٹہ (ویب ڈیسک) حکومتِ بلوچستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کر کے صوبے کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ صوبے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ بجٹ میں منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی سو فیصد تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے گزشتہ مالی سال کی کارکردگی رپورٹ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو پیش کر دی ہے، جس پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ترقیات اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے
ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے گزشتہ اور رواں مالی سال کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سخت مانیٹرنگ اور بہتر حکمتِ عملی کے باعث گزشتہ مالی سال کے دوران غیر ترقیاتی اخراجات میں 28 ارب روپے کی خطیر رقم بچائی گئی، جبکہ ریکارڈ 2966 ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا گیا۔ چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران بھی 2280 ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور ان تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل گڈ گورننس، مؤثر مانیٹرنگ اور مضبوط نگرانی کے نظام کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، رفتار اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر منصوبے کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ایم آئی ٹی اور مانیٹرنگ اینڈ ایولوشن ڈائریکٹوریٹ کی فعال مانیٹرنگ کے ذریعے صوبے سے بدعنوانی اور کرپشن کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا تاکہ عوامی فنڈز کا درست استعمال ممکن ہو سکے۔
میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے عوام کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے ترقیاتی وسائل کی ایک ایک پائی صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی پر خرچ کی جائے گی۔ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ترقی کے ثمرات کو کسی ایک علاقے تک محدود نہیں رکھے گی بلکہ اسے صوبے کے ہر ضلع اور ہر شہری تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی اہداف کو بھی وقت پر مکمل کر کے بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن کیا جائے گا

