اکانوے کرور پچپن لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان ضبط
24 قیمتی اسمگل شدہ گاڑیاں، ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد غیر ملکی سگریٹس اور دیگر سامان برآمد؛ اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورکس کو بڑا مالی نقصان
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے جولائی 2026 کے دوران اسمگلنگ کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 91 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 24 قیمتی اسمگل شدہ گاڑیاں، ایک لاکھ 21 ہزار 250 سلیوز غیر ملکی سگریٹس، سگریٹس کی ترسیل میں استعمال ہونے والی 12 گاڑیاں، بڑی مقدار میں غیر ملکی کاسمیٹکس، ٹائر، کپڑا اور دیگر ممنوعہ و غیر قانونی سامان بھی قبضے میں لیا گیا۔پاکستان کسٹمز کے مطابق جولائی بھر جاری رہنے والی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں نے اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورکس کو نمایاں مالی نقصان پہنچایا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں مسلسل جاری ہیں تاکہ اسمگلنگ، کسٹمز فراڈ اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کا مؤثر سدباب یقینی بنایا جا سکے۔پاکستان کسٹمز نے واضح کیا کہ قانونی تجارت کے فروغ، قومی معیشت کے تحفظ، مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی اور قومی محصولات میں اضافے کے لیے اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔ ادارے کے مطابق وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا رہا ہے تاکہ اسمگلنگ کے تمام راستوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔پاکستان کسٹمز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مؤثر انفورسمنٹ، جدید انٹیلی جنس نظام اور بین الادارہ تعاون کے ذریعے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید مضبوط بنائی جائیں گی تاکہ قومی معیشت، مقامی صنعت، سرکاری محصولات اور قانون کی حکمرانی کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جا سکے

