مظفر آباد(الفجر آن لائن)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے تمام انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ مخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان سے متعلق تحفظات، بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں، اور متعلقہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی، تاہم ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی پولنگ منعقد کی جائے گی۔
پریس ریلیز کے مطابق مخر کیے گئے حلقوں کے لیے نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان بعد ازاں حالات کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات مخر کرنے کا مقصد آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں ووٹنگ کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، جبکہ کمیشن انتخابی عمل کی شفافیت اور عوام کے اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

