پاکستان نے مسلمانوں کو شناخت، وقار اور خودمختاری کا حق دلایا، قائداعظم کے اصولوں پر عمل ہی مضبوط و خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی
اسلام آباد (الفجرآن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بانی پاکستان کی لازوال جدوجہد، سیاسی بصیرت اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن دے کر انہیں شناخت، وقار اور خودمختاری کا حق دلایا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پراپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن ایک ایسے جمہوری پاکستان کا تھا جہاں تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہوں اور انہیں بلاامتیاز مساوی حقوق اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم سماجی و اقتصادی انصاف، مساوات، رواداری اور جمہوریت پر مبنی پاکستان کے خواہاں تھے۔
** اتحاد، ایمان اور تنظیم** قائداعظم کے سنہری اصول ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ قائداعظم کی تعلیمات آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی جدوجہد ہمیں قومی یکجہتی، دیانت، محنت اور حب الوطنی کا درس دیتی ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایسا پاکستان تشکیل دینا ہے جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، عزت اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم قائداعظم کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ایک پرامن، انصاف پسند،؎ جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

