سبی (الفجرآن لائن ) صوبائی وزیر انڈسٹریز و کامرس چیف سردار کوہیار خان ڈومکی کے ایم پی اے فنڈز سے مکمل ہونے والے ہاکی گراؤنڈ کا افتتاح سردارزادہ میر دینار خان ڈومکی نے بطور مہمانِ خصوصی ربن کاٹ کر کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بابر علی سیلاچی، ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد جمال مری سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین، کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سردارزادہ میر دینار خان ڈومکی نے گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ ہاکی اسٹک سے گیند پر شاٹ بھی لگایا۔ افتتاح کے بعد گراؤنڈ میں پہلے ہاکی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔شرکاء نے ہاکی گراؤنڈ کی تکمیل کو سبی میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر انڈسٹریز و کامرس چیف سردار کوہیار خان ڈومکی کی کاوشوں کو سراہا۔

