گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران **44 اشتہاری مجرموں، 249 مفرور ملزمان اور مختلف جرائم میں ملوث 492 ملزمان کو گرفتار۔ مختلف کارروائیوں میں 108 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 95 پسٹل و ریوالور، 6 کلاشنکوف، 7 شارٹ گن و رائفل، 770 گولیاں و کارتوس اور 48 میگزین** برآمد کیے گئے‘ترجمان
کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایات پر کوئٹہ سمیت صوبے کے 9 رینجز کے 33 اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ بلوچستان پولیس کی جانب سے اشتہاری مجرموں، عدالتوں سے مفرور ملزمان، عادی جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں خصوصی مہم جاری ہے۔
ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 44 اشتہاری مجرموں، 249 مفرور ملزمان اور مختلف جرائم میں ملوث 492 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف مقدمات میں مغوی بنائے گئے 16 افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا، جن میں 11 سالہ بچی بھی شامل ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ مختلف کارروائیوں میں 108 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 95 پسٹل و ریوالور، 6 کلاشنکوف، 7 شارٹ گن و رائفل، 770 گولیاں و کارتوس اور 48 میگزین برآمد کیے گئے۔

