115 مخصوص اضلاع میں 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، نیشنل ای او سی
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کی قومی کوششوں کے تحت ملک بھر کے 115 مخصوص اضلاع میں 21 سے 27 ستمبر تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے، جبکہ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو لازمی قطرے پلوائیں۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 13 مخصوص اضلاع میں تقریباً ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے 30 مخصوص اضلاع میں ایک کروڑ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔خیبر پختونخوا کے 37 مخصوص اضلاع میں تقریباً 73 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہے، جبکہ بلوچستان کے 32 مخصوص اضلاع میں 23 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔اسلام آباد میں تقریباً 4 لاکھ 47 ہزار جبکہ گلگت بلتستان کے دو مخصوص اضلاع میں ایک لاکھ 37 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

