ملزم نے ایسا کام کیا ہے کہ اسے دس بار اورجیل میں ڈالنا چاہیے،جسٹس ملک شہزاد
اسلام آباد(الفجرآن لائن) سپریم کورٹ نے دودھ میں ملاوٹ اور کار سرکار میں مداخلت کے ملزم غلام نبی کی ضمانت مسترد کر دی۔جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیے کہ ملزم نے ایسا کام کیا ہے کہ اسے دس بار اورجیل میں ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ایسے رویے ہوں گے تو کام کیسے چلے گا۔انھوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روز دیے ہیں۔جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ملک شہزاد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم نے ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر فوڈ اتھارٹی کے ملازمین پر حملہ کیا اور ملزمان کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوا۔ سرکاری وکیل کے مطابق ان کے پاس جعلی دودھ کی پکی اطلاع تھی۔جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا فوڈ اتھارٹی بغیر وارنٹ کسی کی حدود میں داخل ہو سکتی ہے۔ کیا اطلاع کے بعد کسی کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت مل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ اتنا خراب ہو چکا ہے کہ ہم بھی پریشان ہیں کہ کیا کریں۔ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سارے الزامات جھوٹے ہیں۔ کیس میں 8 ملزمان کی ضمانت ہو چکی ہے اور ملزم کا دودھ کا کاروبار ہے۔ ملزم چھ ماہ سے جیل میں ہے۔جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیے کہ ملزم نے ایسا کام کیا ہے کہ اسے دس بار اور جیل میں ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ایسے رویے ہوں گے تو کام کیسے چلے گا۔

