اہلکار 26 ستمبر کو این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر رپورٹ کریں
اسلام آباد (الفجرآن لائن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں نفری کی کمی کو دور کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے اپنے 23 افسران ایجنسی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے افسران کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے کیپٹل پٹرول، انویسٹی گیشن ونگ، خدمت مرکز اور سیکیورٹی ڈویڑن سے افسران این سی سی آئی اے کو بھجوائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سی ٹی ڈی، ون فائیو اور اینٹی کار لفٹنگ سیل سے بھی افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کو این سی سی آئی اے بھجوانے کا فیصلہ ایجنسی میں نفری کی کمی کے باعث کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سائبر کرائم سے متعلق مقدمات کی تحقیقات اور دیگر امور میں مشکلات کا سامنا ہے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے این سی سی آئی اے کو بھجوائے جانے والے افسران کو 26 ستمبر کو این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کو طویل عرصے سے نفری کی کمی کا سامنا ہے اور ادارے کے حکام نے سائبر کرائم سے متعلق بڑھتے ہوئے مقدمات اور تحقیقات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس سے معاونت کی درخواست کی تھی

