اسلام آباد(الفجر آن لائن) 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں، جبکہ مختلف اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی چوک پر کنٹینرز پہنچ گئے ہیں تاہم انہیں تاحال سڑک پر نصب نہیں کیا گیا۔ نادرا چوک کو بند کردیا گیا ہے جبکہ احتجاج کے پیش نظر وہاں بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔
ایمبیسی روڈ پر بھی سکیورٹی انتظامات کے تحت کنٹینرز منتقل کیے گئے ہیں۔ احتجاج کے دوران اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کو ممکنہ طور پر بند کرنے کے لیے کنٹینرز نصب کیے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں ایک ہزار سے زائد کنٹینرز لگانے کی تیاری کی گئی ہے۔ ڈی چوک، نادرا چوک اور ایمبیسی روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر کنٹینرز کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
شہر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ احتجاج کے دوران اہم مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔

