لاہور(الفجرآن لائن) ایم ڈی کیٹ امتحان میں امیدواروں کے سوالنامہ پیپر کو امتحانی مرکز سے باہر لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ متعلقہ حکام نے چاروں صوبوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان منعقد کرنے والی یونیورسٹیوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ امتحان مکمل ہونے کے بعد کسی امیدوار کو سوالنامہ اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحانی عملہ اس امر کو یقینی بنائے کہ تمام سوالنامے امتحان ختم ہونے کے بعد امیدواروں سے واپس لے لیے جائیں۔
واضح رہے کہ 2017 سے ایم ڈی کیٹ امیدواروں کو سوالنامہ اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت تھی، جس کے ذریعے وہ اپنی جوابی کاپی کی نقل کی مدد سے امتحان کے بعد جوابات کا موازنہ کرکے متوقع نتیجہ مرتب کرتے تھے۔
نئے فیصلے کے بعد امیدوار امتحان کے اختتام پر سوالنامہ اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے، جس سے امتحانی عمل اور نتائج کے حوالے سے امیدواروں کے لیے سابقہ طریقہ کار میں تبدیلی آئے گی۔

