کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بنچ نے افغان شہریوں کے پاکستان میں میڈیکل و ڈینٹل تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواست خارج کر دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ غیر ملکی شہری پاکستان میں قیام، تعلیم یا تربیت کا ایسا مستقل حق نہیں رکھتے جو ریاستی پالیسی کے خلاف ہو۔عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے افغان شہریوں کی میڈیکل اداروں میں داخلے،
منتقلی اور سہولت کاری سے متعلق جاری ہدایات میں مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن، غیر ملکی شہریوں کی واپسی اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات بنیادی طور پر انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ افغان شہریوں کے ساتھ انسانی وقار، انصاف اور قانون کے مطابق سلوک لازم ہے، تاہم اس بنیاد پر پاکستان میں قیام یا تعلیم جاری رکھنے کا مستقل حق پیدا نہیں ہوتا۔
عدالت نے درخواست کو ابتدائی مرحلے پر خارج کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے افغانستان کے سفارتخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی

