کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب اور مؤثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آواران میں ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جس پر فورسز کے جوان اور کمانڈرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو بروقت خاک میں ملانے پر قوم اپنے محافظوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاستی ادارے دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کی یہ بروقت کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے مضبوط قومی عزم کی عکاس ہیں۔ دہشتگردی کی اس جنگ میں پوری پاکستانی قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور جب تک صوبے سے آخری دہشتگرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ جدوجہد جاری رہے گی

