سوشل میڈیا پوسٹس کیس میں 17، 17 سال قید کی سزاؤں کا سامنا کرنے والے جوڑے کو رہائی کے فوراً بعد پولیس نے دوبارہ حراست میں لے لیا
اسلام آباد (الفجر آن لائن) سپریم کورٹ کے احکامات پر جمعرات کو سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی پانے والے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔دونوں کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پولیس نے دوبارہ حراست میں لے لیا اور پولیس انہیں اپنے ہمراہ لے کر جیل سے روانہ ہوگئی۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کی سزائیں معطل کردی تھیں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے دونوں کی ضمانت 2،2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی۔ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 24 جنوری 2026 کو سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق مقدمے میں مجموعی طور پر 17،17 سال قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ دونوں نے اپنی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم سزا معطلی کی درخواستوں پر کارروائی جاری رہی۔سپریم کورٹ نے جمعرات کوسماعت کے دوران سزا معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا، جس کے بعد دونوں کی اڈیالہ جیل سے رہائی کا عمل شروع ہوا۔ تاہم رہائی کے بعد پولیس کی جانب سے انہیں دوبارہ حراست میں لیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔دوبارہ گرفتاری کی قانونی وجوہات اور انہیں کس مقدمے یا حکم کے تحت پولیس اپنے ساتھ لے کر گئی، اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں

