معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت؛ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد(الفجرآن لائن) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے طائف میں حوثی گروپ کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک یمنی شہری جاں بحق جبکہ ایک سعودی اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔نائب وزیراعظم نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس لرزہ خیز واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی اس قسم کی اشتعال انگیزی کسی طور پر قابلِ قبول نہیں ہے۔سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس حوثی حملے نے ایک بار پھر خطے کے امن و سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے سعودی عرب اور وہاں کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا ہے

