کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس محکمہ داخلہ بلوچستان اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے اشتراک سے کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک اہم راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کچی تھے۔ کانفرنس میں حکومتِ بلوچستان کے مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران، متعلقہ اداروں کے حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے دوران بلوچستان کو درپیش مختلف اہم چیلنجز، باہمی تعاون، اداروں کے درمیان روابط، سماجی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت، متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ کاوشیں صوبے میں مثبت اور دیرپا اقدامات کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر صوبے کی ترقی، سماجی بہتری اور عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے مختلف مفید تجاویز اور ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا

