وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس، سرکاری دوروں کے دوران تعلیمی سرگرمیاں، کاروبار اور شہریوں کی نقل و حرکت متاثر نہ کرنے کا حکم
لاہور (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وی آئی پی دورے کے باعث کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹا دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنی ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سرکاری دورے کے دوران عوام، بالخصوص طلبہ کو پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا نے واضح ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وی وی آئی پی دورے کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ دفتر کی جانب سے متعلقہ ہدایات دوبارہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دوروں کے دوران عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق وزیراعلیٰ کے دوروں کے موقع پر کوئی مارکیٹ، دکان یا کاروباری ادارہ بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کاروباری سرگرمی کو معطل کرنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح سکیورٹی کے نام پر رہائشی گلیوں کو بند یا سیل نہیں کیا جاسکے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کے دوروں کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی عائد نہ کی جائے اور سکیورٹی انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ ہدایات تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز)، ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز)، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ارسال کردی گئی ہیں۔

