چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ اقبال کا پیغامِ خودی، خود اعتمادی اور عمل آج بھی قومی رہنمائی کا سرچشمہ ہے، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے یومِ اقبال کے موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال کا پیغامِ خودی، خود اعتمادی اور مسلسل عمل آج بھی ہماری قومی رہنمائی کا اہم سرچشمہ ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایک ایسے معاشرے کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر فرد کو عزت، مساوات اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ اقبال کا تصورِ شاہین ہمیں بلند حوصلے، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے، جبکہ ان کے افکار خواتین کی خودمختاری، تعلیم اور ایک بااختیار معاشرے کی تشکیل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام علامہ اقبال کے تصورِ فلاحی معاشرے کی عملی تعبیر کے لیے کوشاں ہے۔ ان کے مطابق خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ایک مضبوط اور خودمختار پاکستان کی بنیاد ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا پیغام نوجوان نسل کو علم، تحقیق، کردار سازی اور قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اقبال کا خواب ایک خوددار، تعلیم یافتہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہے، جس کے حصول کے لیے قومی سطح پر اتحاد، ایمان اور عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ اقبال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عصرِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ علامہ اقبال کے پیغامِ خودی، اتحاد، ایمان اور عمل کو اپنا کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

